ہفتہ 6 اپریل 2024 - 02:58
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی اپیل پر پاکستان بھر میں القدس ریلیوں کا انعقاد

حوزہ / شیعہ علماء کونسل اور جے ایس اوپاکستان اور شہریوں کی جانب سے  قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروں صوبوں پنجاب ،سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کے خلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماء کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی مرکزی القدس ریلی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی،مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، علامہ سیداشتیاق حسین کاظمی، علامہ غلام قاسم جعفری، علامہ کوثر عباس حیدری ، علامہ سید وزیر حسین کاظمی، علامہ فرحت عباس جوادی ، علامہ سید محسن عباس نقوی علامہ فیاض حسین مطہری ، علامہ سید جعفر عباس نقوی، سید محمد علی کاظمی،نیئر اقبال بلوچ ، تصور عباس ، حاجی ملک انتصار حیدر، آصف جاوید مغل، سید رضی الحسن جعفری، سید محمود علی نقوی ، شان مہدی (JSO)،سید جابر شاہ ، سید حاکم بخاری سمیت دیگر عہدیداران و علماکرام ،کارکنان و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا: آج قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی آواز پر ملک بھر میں القدس ریلیاں نکالی جارہی ہیں اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا، اور دوسری جانب بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلم ممالک بھی موثر کردار ادا نہیں کر رہے جو افسوس ناک امر اور اس سے بھی زیادہ تشویش ناک صورتحال یہ ہے کہ بعض اسلامی ممالک اسرائیل کے ناجائز تسلط اور غیر قانونی قبضہ کو تسلیم کرکے فلسطینیوں کے ساتھ بے وفائی کے مرتکب ہورہے ہیں اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

القدس ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر قراردادیں منظور کیں جس میں کہا گیاکہ عوام کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی یوم القدس کے موقع پرقائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے احتجاجی اجتماعات کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

یہ احتجاجی اجتماع کئی ماہ سے جاری اور ماہ صیام میں فلسطینی نہتے عوام پراندھادھندبمباری کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے جارح اسرائیل کی گذشتہ نصف صدی سے زائد ظلم و جبر پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے اورعالمی طاقتوں کومظلوم فلسطینی عوام کی جانب متوجہ کرتاہے۔عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اورغزہ پٹی پرہمہ قسمی حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔مکتب تشیع کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی جانب سے غاصب، غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی سرپرستی اورکھلی حمایت کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ عوامی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے جارح اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں۔

یہ احتجاجی اجتماع اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اوراوآئی سی جیسے عالمی اداروں سے مطالبہ کرتاہے کہ وہ اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری ظلم وتشدد اورزمینی وفضائی حملوں کوروک کرفلسطینیوں کی نسل کشی سے اجتناب کرے۔

آج ملت تشیع کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میں کمرتوڑ مہنگامی بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پرتشویش کا اظہارکرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کرپشن،بے روزگاری،ہوشربامہنگائی پر قابو پاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔آخر میں اس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .